لاہور قلندرز اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے درمیان معاہدہ

لاہور (سپورٹس ڈیسک) لاہور قلندرز اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔لاہور میں ہونے والی تقریب میں لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران عاطف رانا نے کہا کہ انہوں نے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے اور وہی کام فٹ بال میں بھی کرنا چاہتے ہیں، نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کا نقشہ جلد تبدیل ہوتا نظر آئے گا اور مقصد ملک کو فٹ بال کی دنیا میں اوپر لے جانا ہے۔

سی ای او لاہور قلندرز نے مزید کہا کہ پاکستان فٹ بال کے ساتھ یہ ایم او یو کسی وقت کی پابندی کے بغیر ہوگا، اور پاکستان کی ترقی کے لیے یہ کام مستقل جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مشن پاکستان کی یوتھ کو تربیت دینا اور فٹ بال میں معیاری لیگ قائم کرنا ہے تاکہ ملک میں فٹ بال کا معیار بلند ہو۔