لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی موجودہ مینجمنٹ اور مالکان نے اگلے 10 سال کیلئے ٹیموں کے حقوق خرید لیے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق دونوں فرنچائزز نے عالمی آڈٹ فرم ارنسٹ اینڈ ینگ کی طے کردہ مارکیٹ ویلیو کی بنیاد پر اپنے حقوق کی تجدید کی، جسے پی سی بی نے جامع اور شفاف عمل قرار دیا ہے۔
یہ معاہدے لیگ کے اگلے سال 11ویں ایڈیشن سے قبل کیے گئے ہیں، جب پی ایس ایل کی توسیع 8 ٹیموں تک کی جائے گی۔ لاہور قلندرز، جو پی ایس ایل کی سب سے قیمتی فرنچائز اور گزشتہ چار میں سے تین سیزنز کی چیمپیئن ہے، نے سب سے پہلے اپنے حقوق کی تجدید کی۔ ٹیم کی قیادت قومی ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ لاہور قلندرز موجودہ مالکان کے ساتھ ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عاطف رانا اور ثمین رانا نے قلندرز کو پاکستان اور دنیا بھر میں ایک مضبوط برانڈ بنانے کے لیے نمایاں کام کیا ہے۔
پشاور زلمی نے بھی 10 سال کے لیے حقوق کی تجدید کردی۔ پی سی بی کے مطابق مالک جاوید آفریدی کی قیادت میں زلمی لیگ کی مضبوط ترین فین بیس رکھنے والی ٹیموں میں شامل ہے اور گزشتہ سیزن میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فرنچائز رہی۔
محسن نقوی نے کہا کہ جاوید آفریدی کا وژن پی ایس ایل کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور حقوق کی تجدید لیگ کے مستقبل پر ان کے اعتماد کا اظہار ہے۔

