لاہور نے کراچی کو ہرا کر نیشنل انڈر 15 کرکٹ کپ جیت لیا

لاہور ریجن بلوز نے قومی انڈر 15 کپ کے فائنل میں کراچی ریجن وائٹس کو 29 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ قومی چیمپین شپ جیت لیا۔ فائنل میچ میں لاہور بلوز نے پہلے کھیل کر مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے محمد مبشر نے 95،حسنین یاسین نے 63 اور محسن علی نے 23 رنز بنائے اعظم عباسی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی ریجن وائٹس 217 رنز بناکر آل آوٹ ہوگئی۔ مسعود احمد نے 53 اور فیصل قربان نے 42 رنز کی نمایاں اننگ کھیلی لاہور بلوز کی طرف سے امن تسلیم نے 4 اور فیضان رسول نے 3 وکٹیں حاصل کیں .محمد مبشر میچ وننگ اننگ پرمیچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ لاہور ریجن بلوز کےامن تسلیم 27 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر اور علی رضا سیف بہترین وکٹ کیپر قرار پائے .ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی عبداللہ خرم نیازی فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے انہوں نے دونوں ونرز اور رنرز اپ ٹیموں کو ٹرافیاں اور انفرادی کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے کھلاڑہوں میں انعامات تقسیم کیے۔

لاہور ریجن بلوز انعامی رقم دس لاکھ جبکہ کراچی بلوز پانچ لاکھ روپے کی حقدار قرار پائی .صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد، چیف سلیکٹر ملک عمران بچہ، زونل صدورز سردار نوشاد احمد، اعجاز بٹ، بلال مقیت، جنرل و ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور منیجر کرکٹ آپریشنز ایل سی سی اے عابد حسین نے لاہور ریجن بلوز کو کامیابی سے اپنے قومی ٹائٹل کا دفاع کرنے پر مبارکباد دی ہے۔

خواجہ ندیم نے کپتان علی رضا سیف، کوچ آصف اشفاق اورمنیجر جاوید اقبال کے قائدانہ کردار کی خصوصی تعریف کی ہے انکا کہنا تھا کہ انڈر 15 چیمپین شپ کا دفاع کرنا بلاشبہ ایک عظیم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے .خواجہ ندیم نے اس جیت کو پورے لاہور ریجن کے کلب آرگناٙزرز کی جیت قرار دیا ہے اور اس امر کا اظہار کیا ہے کہ لاہور ریجن مستقبل میں بھی ایسی شاندار کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھے گا۔