لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2025 میں بدترین کارکردگی کے باعث قومی ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم کو عہدے سے فارغ کر دیا ہے۔پی سی بی کے مطابق ویمنز کرکٹ ٹیم کیلئے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ ویمنز کرکٹ کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئےتمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ محمد وسیم کو 2024 میں قومی ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ تعینات کیا گیا تھا اور انہیں مکمل اختیارات بھی دیے گئے تھے۔ تاہم ویمنز ورلڈکپ 2025 میں پاکستان ٹیم کوئی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔پاکستان نے کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں اپنے تمام 7 میچ کھیلے، جن میں 4 میں شکست اور 3 بارش کے باعث منسوخ ہوئے۔ قومی ٹیم کو بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، البتہ ٹیم نے مضبوط حریفوں کے خلاف عمدہ باؤلنگ سے اپنی موجودگی کا احساس ضرور دلایا۔

