لاہور( نمائندہ خصوصی)لاہور کے علاقے چوہنگ میں خاوند کے سامنے بیوی سے مبینہ زیادتی کیس میں ملوث ایک اور ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق کیس میں ملوث 4 میں سے 3 ملزمان مارے جا چکے ہیں جبکہ چوتھے کی تلاش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے نواحی علاقے چوہنگ میں مبینہ اجتماعی زیادتی کیس میں ملوث ملزم پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف پہلے سے تفتیش جاری تھی اور اسے گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
واقعے کی ابتدائی تفصیلات کے مطابق چار ملزمان نے ایک شادی شدہ خاتون کو اس کے خاوند کے سامنے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ پولیس کے مطابق اس گھناؤنے جرم میں شامل دو ملزمان، اویس اور ارشاد، پہلے ہی سی سی ڈی کے ساتھ ہونے والے مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔ تازہ مقابلے میں تیسرے ملزم کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے واضح کیا کہ واقعے کے بعد ملزمان کی تلاش کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری تھیں۔ جب حالیہ چھاپے کے دوران اہلکاروں نے ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے فائرنگ کر دی، جس پر جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا۔ذرائع کے مطابق چوتھے ملزم کی گرفتاری کیلئےمزید اقدامات کیے جا رہے ہیں اور پولیس ٹیمیں مختلف علاقوں میں سرگرم ہیں۔

