لاہور(نمائندہ خصوصی)دھرم پورہ انڈر پاس کے نیچے ایک نجی کمپنی کے گارڈز نے کار سوار شہری پر فائرنگ کردی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈالے پر سوار مسلح ملزمان نے شہری عمران کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس پر فائرنگ کی۔
ترجمان ڈولفن فورس کے مطابق، فائرنگ کی آواز سنتے ہی ڈولفن ٹیم نمبر 17 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔ بروقت رسپانس کی بدولت شہری محفوظ رہا، تاہم اس کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ ملزمان رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے۔ڈولفن فورس نے ملزمان کی گاڑی کو قبضے میں لے لیا، جس سے تین رائفلیں اور گولیوں سے بھرے میگزین برآمد ہوئے۔

حیران کن طور پر، ملزمان کی گاڑی پر پولیس فلیشر لائٹ بھی لگی ہوئی تھی، جس سے وہ خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ترجمان کے مطابق، برآمد شدہ اسلحہ اور گاڑی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے مغلپورہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ڈولفن سکواڈ شاہ میر خالد نے فورس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو شاباش دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

