لاہور: ڈکیتی میں استعمال ہونے والا پستول گھر میں رکھنے پر خاتون ایس ایچ او گرفتار

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن اور بدانتظامی کیخلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران لٹن روڈ ویمن پولیس اسٹیشن کی ایس ایچ او کو ایک بڑی کارروائی میں گرفتار کر لیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک ایسا پستول غیر قانونی طور پر گھر میں رکھا جو حالیہ ڈکیتی کی واردات میں استعمال ہوا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی زیر نگرانی پنجاب پولیس میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ اسی پالیسی کے تحت ایک اہم کارروائی میں ویمن تھانہ لٹن روڈ کی ایس ایچ او سب انسپکٹر ثانیہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق چند روز قبل کاہنہ کے علاقے میں ہونے والی ایک ڈکیتی کی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ واردات میں استعمال کیا جانے والا 9 ایم ایم پستول اس نے ایک خاتون پولیس افسر کے ذریعے حاصل کیا تھا۔

اس انکشاف کے بعد تفتیش کا دائرہ بڑھایا گیا اور تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ پستول ایس ایچ او سب انسپکٹر ثانیہ کے زیر استعمال تھا اور وہ اسے اپنے گھر میں غیر قانونی طور پر رکھے ہوئے تھیں۔ پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون افسر کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے پستول برآمد کر لیا گیا۔

انکوائری رپورٹ مکمل ہونے کے بعد ڈی آئی جی نے فوری طور پر ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور ان کی گرفتاری کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں معطل کرتے ہوئے مزید محکمانہ کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی فیصل کامران نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر پیشہ ورانہ رویے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسی تمام سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں اور افسران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس میں انعام اور سزا کی پالیسی کے تحت میرٹ پر کارروائی جاری ہے، اور محکمہ پولیس کو بدنام کرنے والے عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

پنجاب پولیس نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے مجرمانہ نیٹ ورک یا اندرونی معاونت کا پتا لگایا جا سکے۔ مقدمہ عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں