لاہور:ثاقب چدھڑ کے اداکارہ مومنہ اقبال اور ان کی بہن پر سنگین الزامات

لاہور(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے اداکارہ مومنہ اقبال اور ان کی بہن رمشا اقبال سے متعلق متعدد سنگین دعوے کردیئے۔اداکارہ مومنہ اقبال اور رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے جاری قانونی تنازع میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

مومنہ اقبال نے چند ماہ قبل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ایک رکن صوبائی اسمبلی کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ثاقب چدھڑ کا نام سامنے آیا۔ اداکارہ نے معاملہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) تک پہنچایا، جبکہ ثاقب چدھڑ نے بھی حکام کے سامنے اپنا مؤقف پیش کیا۔

اب ثاقب چدھڑ نے اپنے پہلے تفصیلی انٹرویو میں مومنہ اقبال اور ان کی بہن رمشا اقبال کے حوالے سے متعدد دعوے اور الزامات عائد کیے ہیں۔ثاقب چدھڑ نے رمشا اقبال کے بارے میں دعویٰ کیا کہ وہ خود انہیں اعلیٰ تعلیم کے لیے آسٹریلیا لے کر گئے تھے اور وہاں اپنی سیکیورٹی کمپنی میں ملازمت بھی فراہم کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ رمشا اقبال نے آسٹریلیا میں ان کے کاروباری پارٹنر کے خلاف مبینہ ہراسانی کا مقدمہ دائر کیا اور ایک ملین ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا، تاہم بعد ازاں یہ معاملہ ایک لاکھ 65 ہزار ڈالر میں طے پایا، جو ان کے بقول رمشا پاکستان لے کر آئیں۔

ثاقب چدھڑ نے الزام عائد کیا کہ مومنہ اقبال اور ان کی بہن نے بعد ازاں ان کیخلاف بھی اسی نوعیت کا طریقہ اختیار کرنے کی کوشش کی۔رکن پنجاب اسمبلی نے مومنہ اقبال کی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا کہ اداکارہ جانتی تھیں کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں اور اس کے باوجود ان کی دوسری بیوی بننے پر آمادہ تھیں۔

ثاقب چدھڑ کے مطابق انہیں مومنہ اقبال کی 2018ء میں ہونے والی شادی اور بعد ازاں طلاق کا علم نہیں تھا، تاہم بعد میں انہیں شادی کے بارے میں معلوم ہوا اور وہ مومنہ اقبال کے پہلے شوہر سے بھی واقف ہوئے۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال کے وکیل نے ان سے رابطہ کرکے 20 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔

ثاقب چدھڑ کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے یہ رقم دینے سے انکار کیا تو انہیں 9 کروڑ روپے میں معاملہ ختم کرنے کی پیشکش کی گئی، جبکہ ان کے بقول مومنہ اقبال کی جانب سے 11 کروڑ روپے میں معاملہ طے کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔

ثاقب چدھڑ نے اپنے دعوؤں کے ثبوت کے طور پر مومنہ اقبال کے وکیل سے ملاقات سے متعلق بعض شواہد اور ایک مبینہ صلح نامہ بھی پیش کیا۔تاہم مومنہ اقبال کی جانب سے ثاقب چدھڑ کے تازہ دعوؤں اور الزامات پر تاحال کوئی نیا مؤقف سامنے نہیں آیا۔