لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے جنید صفدر دلہن بیاہ لائے

لاہور(نمائندگان)صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے نواسے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ جنید صفدر کی شادی مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شیخ روحیل اصغر کی پوتی شانزے شیخ سے لاہور میں ہوئی، نکاح چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب حسین نعیمی نے پڑھایا۔

شادی کی تقریب میں محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری سمیت وفاقی و صوبائی وزرا اور ملکی و غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی۔ بارات رائے ونڈ روڈ پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پہنچی۔

دلہا جنید صفدر سفید شیروانی، سفید شلوار قمیص اور سفید کلاہ میں ملبوس تھے جبکہ دلہن شانزے شیخ سرخ عروسی جوڑے میں جلوہ گر ہوئیں۔ اس سے قبل مہندی کی تقریب جاتی امرا فارم ہاؤس میں ہوئی جہاں دلہا دلہن کا فوٹو شوٹ بھی کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جنید صفدر کی ولیمہ کی تقریب آج جاتی امرا فارم ہاؤس رائے ونڈ میں ہوگی۔