لاہور (اسپورٹس ڈیسک)کراچی بلیوز نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل مقابلے میں دفاعی چیمپئن سیالکوٹ کو 218 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے 5 روزہ فائنل میں کراچی بلیوز نے سیالکوٹ کو جیت کیلئے533 رنز کا ہدف دیا تھا، جواب میں سیالکوٹ کی ٹیم 314 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

کراچی بلیوز نے 10ویں مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے جب کہ کراچی کی کسی ٹیم نے مجموعی طور پر 22ویں مرتبہ یہ ایونٹ اپنے نام کیا۔آخری روز کھیل کے آغاز پر سیالکوٹ نے بغیر کسی نقصان کے 12 رنز سے اننگز شروع کی تو اسے فتح کے لیے مزید 521 رنز درکار تھے۔ 35 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گری جب ثاقب خان نے اذان اویس کو 11 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔
محمد ہریرہ 39 رنز بنا کر محمد عمر کی گیند پر سعد بیگ کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو اس وقت اسکور 81 تھا۔ عبدالرحمٰن 18 رنز بنا کر رمیز عزیز کی گیند پر عبداللہ فضل کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو اسکور 3 وکٹوں پر 121 تھا۔اس دوران سیالکوٹ کی مشکلات اس وقت بڑھ گئیں جب اسکور 144 تک پہنچا تو محسن ریاض صرف 6 جبکہ عبداللہ شفیق 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، دونوں وکٹیں بھی ثاقب خان نے حاصل کیں۔
افضال منظور نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 13 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے تاہم وہ رمیز عزیز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے حمزہ نذر کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 112 رنز جوڑے۔ حمزہ نذر 9 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنا کر مشتاق احمد کی گیند پر سعد بیگ کو کیچ تھما گئے۔
سیالکوٹ کی ساتویں وکٹ 281 رنز پر گری، حسن علی 25 رنز بنا کر مشتاق احمد کا شکار بنے۔ نویں وکٹ 310 کے مجموعے پر گری جب ثاقب خان نے محمد علی کو 6 رنز پر آؤٹ کرایا۔ثاقب خان نے اننگز کی پانچویں وکٹ حسنین کو صفر پر بولڈ کر کے حاصل کی۔ انہوں نے 86 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، پہلی اننگز میں بھی 4 شکار کیے تھے۔ ثاقب خان نے قائداعظم ٹرافی کا اختتام 47 وکٹوں کے ساتھ کیا۔
پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ پہلی اننگز میں 88 اور دوسری میں 114 رنز بنانے والے عبداللہ فضل کے حصے میں آیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کامیاب ٹیم اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

