لبنان: حزب اللّٰہ کے حملے میں اسرائیلی وزیر کے بیٹے سمیت 8 فوجی زخمی

بیروت (رائٹرز، الجزیرہ) لبنان کی سرحد پر فوجی کارروائی کے دوران حزب اللّٰہ کے حملے میں 8 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے، جن میں اسرائیل کے وزیر خزانہ بزلئیل سموٹریچ کا بیٹا بھی شامل ہے۔

رپورٹس کے مطابق لبنان کی سرحد کے قریب حزب اللّٰہ کی فائرنگ کے نتیجے میں 8 فوجی زخمی ہوئے، جن میں 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔اس دوران لبنان سے اسرائیل کی طرف تقریباً 70 راکٹ بھی داغے گئے، جس کے نتیجے میں فوجیوں کو نقصان پہنچا۔

دوسری جانب بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بھی تیز ہو گیا ہے، تازہ حملوں میں 15 سے زائد فضائی حملے کیے گئے۔ اسرائیلی طیاروں نے داحیہ اور دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا، دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دارالحکومت کے کئی علاقوں میں زوردار آوازیں سنائی دیں۔

حالیہ جنگ کے دوران اسرائیلی حملوں میں لبنان میں اب تک 217 افراد شہید اور 798 زخمی ہو چکے ہیں۔