لبنان کی خودمختاری پر کوئی سودے بازی نہیں ہوسکتی: نواف سلام

نیویارک (ایل بی سی، لبنانی میڈیا) لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے کہا ہے کہ لبنان کی خودمختاری پر کوئی سودے بازی نہیں کی جاسکتی، ملک میں ریاستی رٹ قائم کرنا چاہتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نواف سلام نے کہا کہ لبنان کو غیر ریاستی جنگوں سے نکالنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، بحرانوں اور غیرملکی مداخلتوں کے باعث لبنان تباہی کے دہانے پر پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کے نام پر مذاکرات کرنے کا حق کسی اور کو حاصل نہیں، لبنان کو اب دوسرے کے ہاتھوں میں کٹھ پتلی نہیں بننے دیا جائے گا۔

لبنانی وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ہتھیار اور جنگ و امن کے فیصلے صرف ریاست کے اختیار میں ہونے چاہئیں اور تمام لبنانی سرزمین پر ریاستی اختیار کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔

نواف سلام نے کہا کہ دائمی جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کے لبنان سے مکمل انخلا کے خواہاں ہیں، اسرائیلی حملے بند ہونے چاہئیں تاکہ متاثرہ علاقوں کے شہری اپنے گھروں اور علاقوں میں واپس جاسکیں۔