لوئر کرم میں حالات کشیدہ، متعدد دیہات اور بگن بازار نذرآتش

کرم : لوئرکرم میں مسلح افراد نے متعدد دیہات اور بگن بازار کو نذر آتش کردیا جبکہ نادرا آفس اور پیٹرول پمپ کو آگ لگا کر توڑ پھوڑ کی گئی۔ کرم میں حالات کشیدہ ہے ، لوئر کرم میں گزشتہ رات مسلح افراد نے متعدد دیہات اور بگن بازار کو نذر آتش کردیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ تحصیل ٹل میں خواتین اور بچوں نے نقل مکانی کی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے پندرہ سو سے زائد افراد کیلئے سرکاری عمارتوں میں کمرے خالی کیے گئے۔بالش خیل، سنگینہ اور خار کلے میں حالات کشیدہ ہے ، جہاں نادرا آفس اور پیٹرول پمپ کو آگ لگا کر توڑ پھوڑ کی گئی۔

دوسری جانب امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے وزیراعلیٰ کی ہدایت پروفد کرم روانہ ہوگیا، وفد میں وزیرقانون،چیف سیکرٹری کے پی، کمشنر کوہاٹ،،ڈی آئی جی کوہاٹ سمیت دیگراعلیٰ افسران شامل ہیں۔

وفد امن و امان کی بحالی کیلئے جرگے کو دوبارہ فعال کرے گا، جس کے بعد وفد وزیراعلٰی کے پی علی امین گنڈاپور کو رپورٹ پیش کرے گی۔خیال رہے لوئر کرم میں پارا چنار جانیوالی مسافر گاڑیوں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی تھی، فائرنگ سے چھے خواتین سمیت45 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، گاڑیوں کاایک قافلہ پشاور سےکرم اوردوسراکرم سے پشاور جارہا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں