لکی مروت/بنوں(نمائندگان)خیبرپختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور بنوں میں دہشت گردوں کے حملوں میں چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں اتوار کو موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم دہشت گردوں نے دل بیگو خیل کے قریب ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق شہداء میں ٹکٹنگ آفیسر انچارج جلال خان، عزیز اللہ اور عبداللہ شامل ہیں، جن کی لاشیں نورنگ اسپتال منتقل کر دی گئیں، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
دوسری جانب ضلع بنوں کے علاقے کشفی خیل میں نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس کانسٹیبل رشید خان کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا جب وہ اتوار کی صبح گھر سے ڈیوٹی کیلئےروانہ ہو رہے تھے، حملے میں وہ شہید ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئےسرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

