لکی مروت (نمائندہ خصوصی،نامہ نگار) ضلع لکی مروت کے ٹرائبل سب ڈویژن بیٹنی میں پولیس موبائل کے قریب زور دار دھماکے کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔پولیس ترجمان کے مطابق دھماکا پولیس موبائل کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں تھانہ شادی خیل کے ایس ایچ او صدر اعظم بھی شامل ہیں جبکہ دھماکا خیز مواد پولیس موبائل کے قریب نصب کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے فوراً بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور مزید پولیس نفری کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

