“مارچ تو غزہ” — شمالی افریقہ کے لاکھوں شہری فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کیلئےسڑکوں پر نکل آئے

لاہور(نیوز ڈیسک)تیونس / الجزائر / لیبیا / مراکش / موریطانیہ “اب ہر سڑک، ہر منزل فلسطین کی جانب جائیگی” کا نعرہ حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ شمالی افریقہ کے پانچ بڑے ممالک سے لاکھوں افراد پر مشتمل قافلے “مارچ تو غزہ” کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے فلسطین کی سرحدوں کی طرف رواں دواں ہیں۔

یہ انسانی دریا غزہ میں محصور اور مظلوم فلسطینیوں کیلئے امداد، خوراک اور یکجہتی کے پیغام کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ قافلے میں شامل عوامی نمائندے، انسانی حقوق کے کارکن، نوجوان، خواتین، اور بزرگ—سب ایک آواز ہیں”چلو چلو فلسطین چلو!”

مارچ کا مقصد صرف امداد پہنچانا نہیں بلکہ فلسطینیوں کو یہ احساس دلانا ہے کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔ یہ مارچ اس یقین کا مظہر ہے کہ فلسطین کے بہادر عوام آج بھی پوری دنیا کی ضمیر کو جھنجھوڑنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔

قافلے میں شامل افراد نے واضح کیا کہ وہ عالمی ضمیر، اقوامِ متحدہ، اور عرب لیگ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ پر مسلط ناکہ بندی ختم کی جائے، جنگی جرائم کا نوٹس لیا جائے، اور مستقل امن کی راہ ہموار کی جائے۔

عینی شاہدین کے مطابق ہر سڑک، ہر گلی، ہر راستے پر فلسطینی پرچموں کی بہار ہے۔ عوامی جذبات اور نعرے واضح پیغام دے رہے ہیں کہ فلسطین اب صرف ایک خطہ نہیں، بلکہ امت کی مشترکہ آواز بن چکا ہے۔ان شاء اللہ! فلسطینی اکیلے نہیں ہیں — یہ قافلے گواہ ہیں کہ حق کیلئے اٹھنے والے قدم کبھی ضائع نہیں جاتے۔

اپنا تبصرہ لکھیں