ٹورنٹو ( نمائندہ خصوصی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہیری پوٹر سیریز کے ولن والڈی مارٹ کہنے والےمارک کارنی جسٹن ٹروڈو کی جگہ کینیڈین وزیراعظم کیلئے پسندیدہ امیدوار قرار دے دیئے گئے ۔
کینیڈین لبرل پارٹی کی نئی قیادت کیلئے جسٹن ٹروڈو کی جگہ متوقع امیدواروں میں سب سے آگے نظر آنے والے مارک کارنی نے حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں ایک پرانے بیان کی طرف نشاندہی کروائی ہے جس میں انہوں نے ٹرمپ کے تبصروں کا موازنہ ہیری پوٹر سیریز کے ولن والڈی مارٹ سے کیا تھا۔
ایک تقریب میں کارنی نے کہاتھا کہ جب آپ ان بے بنیاد، توہین آمیز تبصروں پر غور کرتے ہیں جو ٹرمپ نے کیے اور اس بات کو دیکھتے ہیں کہ ہم کیا بن سکتے ہیں تو میں اسے والڈی مارٹ کے تبصروں کی طرح سمجھتا ہوں۔انہوں نے باقی تفصیلات دہرانے سے گریز کیا مگر اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ کارنی ٹرمپ کی سخت اور غیر معقول رائے کو شدید ناپسند کرتے ہیں۔
ابھی تک لبرل امیدواروں میں کارنی کو سب سے زیادہ پارٹی کی حمایت حاصل ہے اور انہوں نے سب سے زیادہ فنڈز جمع کیے ہیں،اگر ان کا انتخاب ہوتا ہے تو وہ بغیر کسی قانون ساز رکن یا کابینہ تجربے کے کینیڈین وزیراعظم بننے والے پہلے فرد ہوں گے۔کینیڈین لبرل پارٹی کی نئی قیادت کا فیصلہ آئندہ ہفتے تک ہو جائے گا، جس کا نتیجہ سیاسی دنیا میں گہری دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے۔

