ماہرہ اور فواد جب اسکرین پر آتے ہیں تو سحر طاری ہوجاتا ہے: صنم سعید

پاکستانی معروف اداکارہ صنم سعید کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کو 12 سال کا وقت کیوں لگا مجھے اور فواد خان کو ایک ساتھ کاسٹ کرنے میں۔

حال ہی میں اداکارہ نے اپنی آنے والی ویب سیریز ’برزخ‘ کی پرموشن کے دوران بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو انٹرویو دیا۔

دوران انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ ہمیں ایک ساتھ کاسٹ کرنے میں اتنا وقت کیوں لگا ، شاید اس لیے کیونکہ جب میں اور فواد خان ایک ساتھ اسکرین پر نظر آتے ہیں تو ہماری جوڑی مختلف نظر آتی ہے، شاید ہم اتنے اچھے نہیں لگتے جتنے ماہرہ خان اور فواد کی جوڑی لگتی ہے۔

انہوں بتایا کہ جب فواد خان اور ماہرہ خان ایک ساتھ اسکرین پر آتے ہیں تو دیکھنے میں اچھا لگتا ہے، ان کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا ہے، جب دونوں اسکرین پر ساتھ نظر آتے ہیں تو ایک سحر طاری ہوجاتا ہے۔

صنم سعید نے کہا کہ برزخ میں ہم 12 برس کے بعد ایک ساتھ کام کر رہے ہیں، اس سے قبل ’زندگی گلزار ہے‘ میں کام کیا تھا تو ہمیں بطور رومانوی جوڑی دکھایا گیا تھا لیکن برزخ میں ایسا نہیں ہے ہم بہن بھائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مداحوں کو سمجھنا چاہئے کہ ہم اداکار ہیں اور یہ ضروری نہیں کہ ہم ایک ہی طرح سے نظر آئیں، اس طرح بھی ہمیں قبول کریں۔

خیال رہے کہ صنم سعید اور فواد خان نے برزخ میں ایک دوسرے سے محبت کے کرداروں کے بجائے سوتیلے بہن اور بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔

ان دونوں کی ویب سیریز برزخ کو گزشتہ ہفتے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو اور زندگی یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا تھا۔

ویب سیریز کی ہر ہفتے ایک قسط ریلیز کی جائے گی، رواں ہفتے اس کی دوسری قسط ریلیز ہوگی۔

دونوں نے اس سے قبل 2012 میں زندگی گلزار ہے نامی ڈرامے میں کام کیا تھا اور اب 12 سال بعد پہلی بار وہ اسکرین پر ایک ساتھ دکھائی دیے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں