متحدہ عرب امارات آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی کرے گا

متحدہ عرب امارات آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی کرے گا، جو خطے میں ہونے والا پہلا عالمی خواتین کرکٹ ایونٹ ہوگا۔یہ ایونٹ امارات کرکٹ بورڈ (ECB) اور دبئی اسپورٹس کونسل (DSC) کے تعاون سے 3 اکتوبر سے 20 اکتوبر 2024 تک دبئی اور شارجہ میں منعقد ہوگا۔

اس ٹورنامنٹ کی تفصیلات دبئی اسپورٹس کونسل میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی گئیں، جس میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس، ای سی بی کے بورڈ ممبر زید عباس اور دبئی اسپورٹس کونسل کے ڈائریکٹر آف کمیونیکیشن اینڈ مارکیٹنگ خالد العوار موجود تھے۔

جیف ایلرڈائس نےبتایا “متحدہ عرب امارات کی ایک دلچسپ بات اس کی تنوع ہے، یہ ایسی جگہ ہے جہاں پوری دنیا کی نمائندگی ہوتی ہے! اس کا مطلب ہے کہ یہ تمام 10 ٹیموں کے لیے ایک ہوم ورلڈ کپ ہے اور کھلاڑیوں کو شائقین کی زبردست حمایت حاصل ہوگی۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے، آج میں یہ اعلان کرتے ہوئے خوش ہوں کہ ٹکٹ کی قیمت صرف 5 درہم ہوگی اور 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے داخلہ مفت ہوگا۔”

امارات کرکٹ بورڈ کے ترجمان زید عباس نے گفتگوکرتے ہوئے کہا “امارات کرکٹ بورڈ کو متحدہ عرب امارات میں آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرتے ہوئے خوشی ہے۔ امارات کرکٹ بورڈ کے پاس اعلیٰ سطح کے کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کا وسیع تجربہ ہے اور ہم ایک بار پھر ایک شاندار ایونٹ کے انعقاد کے لیے تیار ہیں۔”

اس ٹورنامنٹ میں دنیا بھر کی 10 ٹیمیں 23 میچوں میں حصہ لیں گی، جن میں شامل ہیں: آسٹریلیا، اسکاٹ لینڈ، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بھارت، پاکستان، ویسٹ انڈیز، اور بنگلہ دیش۔

ٹورنامنٹ میں دنیا کی بہترین خواتین کرکٹرز ٹی 20 فارمیٹ کا سب سے بڑا انعام جیتنے کے لیے مقابلہ کریں گی، جس میں دبئی اور شارجہ میں زبردست مقابلے اور شاندار انفرادی اور ٹیم پرفارمنس دیکھنے کو ملیں گی۔

ٹورنامنٹ کے 20 لیگ میچز دبئی اور شارجہ میں ہوں گے جبکہ 17 اکتوبر کو دبئی میں سیمی فائنل اور 18 اکتوبر کو شارجہ میں ہوگا۔ فائنل دبئی میں کھیلا جائے گا۔

گروپ اے میں چھ مرتبہ کی چیمپئن آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں