محبت ہو تو ایسی!100 سالہ شخص کی 96 سالہ خاتون سے شادی

پیرس: محبت کی کوئی عمر نہیں ہوتی اور یہ حقیقت 100 سالہ ہیرولڈ ٹرینز اور 96 سالہ جینی سوارلین نے اپنی شادی سے ثابت کر دی ہے۔

یہ معمر جوڑا تین سال کے رومانوی تعلق کے بعد شادی کے بندھن میں بندھ گیا ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے سابق فوجی ہیرولڈ اور جینی نے 8 جون کو فرانس کے ساحلی علاقے نارمنڈی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شادی کی۔

ہیرولڈ نے اس دن کو اپنی زندگی کا بہترین دن قرار دیا جبکہ جینی نے کہا کہ “محبت صرف جوانوں کا خاصہ نہیں ہوتی۔”

یہ شادی فرانسیسی اور امریکی صدور کے ساتھ ریاستی ڈنر میں شرکت کی دعوت کا باعث بھی بنی۔ فرانس کے صدر ایمانول میکرون نے نئے نویلے جوڑے کو مبارکباد دی۔

ہیرولڈ اور جینی کا تعلق امریکہ سے ہے لیکن انہوں نے اپنی شادی فرانس میں منعقد کی۔ اگرچہ یہ شادی علامتی حیثیت رکھتی ہے، مگر اسے قانونی طور پر تسلیم نہیں کیا گیا۔ Carentan کے میئر Jean-Pierre L’Honneur کے مطابق، غیر ملکیوں کی شادی کو قانونی حیثیت نہیں دی جا سکتی جو یہاں کے رہائشی نہیں۔

میئر نے کہا کہ جوڑے نے شادی کی قانونی حیثیت کے لیے کوئی درخواست نہیں دی۔ امکان ہے کہ یہ جوڑا واپس امریکہ جا کر فلوریڈا میں قانونی کارروائی مکمل کرے گا۔

جینی سوارلین دو بار بیوہ ہو چکی ہیں جبکہ ہیرولڈ کی اہلیہ شادی کے 70 سال بعد انتقال کر گئیں تھیں۔ کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں جینی نے کہا کہ “یہ تعلق صرف نوجوانوں کے لیے نہیں، درحقیقت اس عمر میں سب کچھ مل جانے کا احساس بہت زبردست ہے۔”

ہیرولڈ کے بھی ایسے ہی خیالات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “مجھے ہمیشہ لگتا تھا کہ دنیا کی عظیم ترین محبت کی داستان رومیو جولیٹ کی ہے، مگر وہ فکشن ہے، اور پھر میں نے فیصلہ کیا کہ محبت کی عظیم ترین داستان میری اور جینی کی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “کیا 100 سالہ اور 96 سالہ افراد کبھی میرے اور جینی کی طرح ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوتے ہیں؟”

ہیرولڈ نے اپنی بیوی کے انتقال کے بعد کسی سے ملاقات میں دلچسپی نہیں رکھی۔ ان کا خیال تھا کہ زندگی میں رومان بہت ہو چکا۔ مگر ان کے بہترین دوست نے انہیں آگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کی۔

ہیرولڈ نے بتایا کہ “جینی سے ملاقات کے دوران میرے ساتھ کچھ عجیب ہوا اور ایک دوسرے کو دیکھتے ہوئے میرا جسم کانپنے لگا، مجھ سے کچھ کھایا نہیں گیا، سانس لینا مشکل ہوگیا اور مجھے احساس ہوا کہ میں 98 سال کی عمر میں محبت میں گرفتار ہوگیا ہوں، اب میری عمر 100 سال سے زائد ہو چکی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اب میں پہلے سے زیادہ جینی سے محبت کرنے لگا ہوں۔”

ہیرولڈ کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے جبکہ جینی کی بھی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ دونوں کے متعدد پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں ہیں۔

ہیرولڈ کے مطابق ان کی لمبی زندگی کا راز تناؤ کو کم سے کم رکھنا ہے اور وہ ہمیشہ زندگی کے مثبت پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یہ شادی اس بات کا ثبوت ہے کہ محبت عمر کی قید سے آزاد ہے اور زندگی کے کسی بھی موڑ پر کسی کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ ہیرولڈ اور جینی کی محبت کی داستان واقعی ایک نئی مثال قائم کرتی ہے کہ محبت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور یہ کسی بھی عمر میں پنپ سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں