بہاولپور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ پوری قوم کیلئے انتہائی رنج و الم کا باعث ہے۔ حادثے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے وطنِ عزیز کے بہادر افسران اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ قوم اپنے ان نڈر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھے گی۔
انہوں نے شہید میجر عاطف، میجر فیصل، نائب صوبیدار مقبول، حافظ جہانگیر اور چیف نائیک امیر کی شجاعت و بہادری کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم بیٹے مادرِ وطن کے وقار اور تحفظ کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کر کے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔
مخدوم سید احمد محمود نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

