ملتان(محمد سلیم مغل سے)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اور چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین نے بنگلہ دیش کے حالیہ عام انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی واضح کامیابی پر پارٹی قیادت اور بنگلہ دیش کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے باشعور عوام نے جمہوری عمل میں بھرپور اور ذمہ دارانہ شرکت کے ذریعے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ جمہوریت ہی عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان اور قومی مسائل کا پائیدار حل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابی عمل اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے، اور بنگلہ دیش کے عوام نے اس روایت کو مضبوط کیا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی روابط موجود ہیں۔ دونوں ممالک مشترکہ ماضی اور علاقائی شناخت رکھتے ہیں، جبکہ عوامی سطح پر باہمی احترام اور خیرسگالی کے جذبات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی منتخب قیادت کے دور میں دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور تجارت، اقتصادی شراکت داری، تعلیمی و ثقافتی تبادلوں اور علاقائی تعاون کو فروغ ملے گا۔
مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ جنوبی ایشیا کو درپیش چیلنجز، جن میں معاشی استحکام، ماحولیاتی تبدیلی اور سماجی ترقی شامل ہیں، سے نمٹنے کے لیے مضبوط اور فعال جمہوری ادارے ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق بنگلہ دیش میں جمہوری تسلسل اور عوامی رائے کا احترام خطے کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
انہوں نے بنگلہ دیش کی نئی منتخب قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرے گی اور خطے میں امن و تعاون کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔

