مستند دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو سفر سے نہیں روکا جائیگا:وزیر داخلہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جن مسافروں کے پاس مکمل اور مستند سفری دستاویزات ہوں، انہیں بیرونِ ملک سفر سے نہیں روکا جائیگا۔ انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد ایئرپورٹ کے دورے کے بعد بتایا کہ مسافروں کی شکایات براہِ راست سنیں اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں۔

وزیرِ داخلہ کا یہ بیان حالیہ مہینوں میں ایئرپورٹس پر درست کاغذات رکھنے کے باوجود مسافروں کو پروازوں سے اتارنے کے واقعات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ویزوں کے ذریعے لوگوں کا استحصال کرنے والے ایجنٹس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ 7 نومبر کو کم اسٹافنگ سے متعلق ایک مسافر کی شکایت پر فوری انکوائری اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے جائزے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ درست دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو نہیں روکا جائے گا، تاہم جعلی یا غیرتصدیق شدہ دستاویزات پر سفر کرنے والوں کو اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ ایسے اقدامات پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ لوگوں کے مستقبل سے کھیل کر پیسے کمانے والے ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہوگی۔ ادھر ایف آئی اے نے بھی وضاحت کی ہے کہ مسافروں کو صرف اسی صورت روکا جاتا ہے جب ان کی دستاویزات میں مسئلہ ہو یا شبہ ہو کہ وہ اسمگلروں سے رابطے میں ہیں۔ ادارے نے سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔