مسی ساگا: دیپک آنند کی گھروں کی چابیاں حوالگی تقریب میں شرکت

مسی ساگا (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو اسمبلی کے رکن صوبائی پارلیمنٹ (ایم پی پی) مسی ساگا ملٹن سے تعلق رکھنے والے دیپک آنند نے ہیبی ٹیٹ فار ہیومینیٹی ہالٹن۔مسی ساگا۔ڈفرن اور دی ڈینیئلز کارپوریشن کے اشتراک سے کنڈرڈ ایٹ ڈینیئلز ایرن ملز میں منعقدہ گھروں کی چابی حوالگی تقریب میں شرکت کی، جہاں تین نئے خاندانوں کو گھروں کی ملکیت دی گئی۔

تقریب میں شامل تینوں خاندان سنگل والدین پر مشتمل ہیں جنہوں نے قابلِ استطاعت اور محفوظ گھر کے حصول کی جانب اہم قدم اٹھایا۔ اس موقع پر دیپک آنند کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے پروگرام نہ صرف سستی اور محفوظ رہائش فراہم کرتے ہیں بلکہ خاندانوں اور مقامی کمیونٹیز کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں کے درمیان شراکت داری کے ذریعے لوگوں کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت بنتے دیکھنا انتہائی حوصلہ افزا ہے اور ایسے منصوبے گریٹر ٹورنٹو اور ہیملٹن ایریا میں جامع اور مستحکم معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔