اوٹاوا / ٹورنٹو / مونٹریال (غیر ملکی میڈیا، محکمہ ماحولیات کینیڈا) مشرقی کینیڈا میں فریزنگ رین، برفانی طوفان، تیز ہواؤں اور شدید برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں، جبکہ ٹورنٹو، مونٹریال اور لندن سمیت متعدد شہروں میں درجنوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
محکمہ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کینیڈا کے مطابق اونٹاریو، کیوبیک اور نووا اسکو شیا کے بعض حصوں میں اورنج الرٹس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ شمالی اونٹاریو اور کیوبیک میں مکمل برفانی طوفان کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ سو سینٹ میری، ٹمنز اور ویل ڈی اور سمیت کئی علاقوں میں شدید برفباری اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ کیوبیک کے مشرقی سینٹ لارنس دریا کے شمالی و جنوبی کناروں پر 40 سے 60 سینٹی میٹر تک برف پڑنے کا امکان ہے۔
اوٹاوا اور مونٹریال کے علاقوں میں پیر سے منگل کی شام تک 15 ملی میٹر تک برف جمنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مونٹریال اور اس کے مضافات میں ہواؤں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا سکتی ہے۔ خراب موسم کے باعث اونٹاریو اور کیوبیک میں ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
ٹورنٹو، لندن اور لیک ہیورون و جارجین بے کے علاقوں میں خطرناک سنو اسکوائلز کے باعث سفر کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید برفباری کے بعد درجہ حرارت میں اچانک کمی سے سڑکیں برفانی اور پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں۔
ٹمنز میں برف ہٹانے والی کمپنی کے مالک ریان پائلن نے بتایا کہ شہر میں وائٹ آؤٹ صورتحال ہے، سڑکوں پر کئی فٹ برف جمع ہو چکی ہے اور شہر کا بڑا حصہ بند ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے اپنی زندگی میں اس نوعیت کا طوفان شاذ و نادر ہی دیکھا ہے۔

فضائی سفر بھی شدید متاثر ہوا، مونٹریال کے ٹروڈو ایئرپورٹ پر تقریباً 12 فیصد پروازیں متاثر ہوئیں، جبکہ ٹورنٹو کے پیئرسن ایئرپورٹ پر 60 سے زائد پروازیں تاخیر اور تقریباً 10 منسوخ کی گئیں۔ ویا ریل نے کیوبیک سٹی تا ونڈسر روٹ پر صبح کی متعدد ٹرینیں منسوخ کر دیں، جبکہ مسافروں کو بغیر اضافی چارج سفر منسوخ یا تبدیل کرنے کی سہولت دی گئی۔
مونٹریال میں فریزنگ رین کے باعث سڑکیں اور فٹ پاتھ برف سے ڈھک گئے، جس کے نتیجے میں ایمبولینس سروس کو فی گھنٹہ 100 سے زائد 911 کالز موصول ہوئیں، جن میں زیادہ تر برف پر پھسل کر گرنے کے واقعات شامل تھے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
میری ٹائمز کے علاقوں میں بھی شدید موسمی صورتحال برقرار ہے، جہاں نووا اسکو شیا کے شمالی حصوں میں 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہواؤں کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ فریزنگ رین کے باعث بعض علاقوں میں سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

