معدنیات:امریکی کمپنی اور پاکستان کےدرمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی/اے پی پی) امریکی کمپنی یو ایس اسٹریٹجک میٹلز (USSM) اور پاکستان کی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے درمیان اہم معدنیات کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ تقریب آج وزیرِاعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں امریکی وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے قائم مقام ڈپٹی چیف آف مشن زیک ہارکن رائیڈر بھی موجود تھے۔ دستخطوں کی تقریب میں قائم مقام امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ یہ معاہدہ امریکا اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کی ایک اور مثال ہے جو دونوں ممالک کیلئےفائدہ مند ہوگا۔

امریکی ریاست میزوری میں قائم یو ایس اسٹریٹجک میٹلز اہم معدنیات کی تیاری اور ری سائیکلنگ پر مرکوز ہے۔ ان معدنیات کو امریکی محکمہ توانائی نے جدید مینوفیکچرنگ اور توانائی کی پیداوار کیلئے ناگزیر قرار دیا ہے۔

معاہدے کے تحت یو ایس ایس ایم پاکستان میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی اور ایک جدید پالی میٹلک ریفائنری قائم کرے گی۔ ابتدائی مرحلے میں تانبہ، سونا اور ٹنگسٹن کی برآمد شروع کی جائے گی۔ اس سرمایہ کاری سے نئی ملازمتوں کے مواقع اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کو فروغ ملے گا۔

تقریب سے قبل امریکی کمپنیوں یو ایس ایس ایم اور موٹہ اینگل کے نمائندوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور وفاقی وزراء بھی شریک تھے۔ ملاقات میں امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر پر بریفنگ دی گئی اور سرمایہ کاری کے امکانات پر غور کیا گیا۔

امریکی کمپنی موٹہ اینگل اور نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) کے درمیان بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ موٹہ اینگل نے پاکستان میں لاجسٹکس اور انفرااسٹرکچر منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی۔

وزیراعظم بارہا امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے چکے ہیں۔ اپریل میں امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئر اور جولائی میں ٹرمپ انتظامیہ کی نمائندہ میری بِشوپنگ نے بھی پاکستان کے معدنی شعبے میں امریکی دلچسپی اور سرمایہ کاری کے امکانات پر زور دیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں