معروف امریکی ریپر ’ڈیڈی‘ کو جسم فروشی کے الزامات میں سزا، جنسی استحصال سے بری

نیویارک (رائٹرز/نمائندہ خصوصی)امریکی موسیقی کی دنیا کے مشہور ریپر اور پروڈیوسر شان کومبز المعروف ’ڈیڈی‘ کو جسم فروشی سے متعلق جرائم میں قصوروار قرار دے دیا گیا، تاہم انہیں جنسی استحصال اور بھتہ خوری کی سازش کے الزامات سے بری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، نیویارک کی وفاقی عدالت میں بدھ کو سنائے گئے فیصلے میں 55 سالہ کومبز کو جسم فروشی میں ملوث ہونے کیلئےنقل و حمل کا مجرم قرار دیا گیا، جس پر انہیں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ عدالت نے انہیں بھتہ خوری کی سازش اور جنسی استحصال کے دو الگ الزامات سے بری کر دیا، جس سے وہ عمر قید اور 15 سال لازمی سزا سے بچ گئے۔

فیصلہ امریکی ڈسٹرکٹ جج ارون سبرامنیم نے سنایا، جو بعد میں کومبز کی سزا کا تعین کریں گے۔ کومبز کے وکیل مارک ایگنیفیلو نے جیوری کے فیصلے پر کہا کہ ان کے مؤکل کو ’’سنگین ترین الزامات‘‘ سے بری کر دیا گیا ہے۔

استغاثہ کی نمائندہ موریین کامی نے عدالت کو بتایا کہ کومبز نے دو دہائیوں تک اپنی کاروباری سلطنت کا استعمال کرکے اپنی رومانوی ساتھیوں کو منشیات اور زبردستی جنسی سرگرمیوں پر مجبور کیا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ کومبز کے گھروں سے چھاپوں میں منشیات، 1000 بوتلیں بیبی آئل اور دیگر مواد برآمد ہوا۔

مقدمے میں کومبز کی دو سابقہ گرل فرینڈز کاساندرا ’کیسی‘ وینٹورا اور ایک فرضی نام ’جین‘ کے ذریعے جسمانی، ذہنی اور جنسی بدسلوکی کی تفصیلات بیان کی گئیں۔ وینٹورا نے گزشتہ برس نومبر میں 20 ملین ڈالر کے عوض کومبز سے سول مقدمہ ختم کیا تھا۔

دورانِ سماعت، کومبز کے دفاعی وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کے تمام تعلقات رضامندی پر مبنی تھے، اور اگرچہ بعض معاملات میں گھریلو تشدد ہوا، تاہم ان کا عمل جنسی اسمگلنگ یا بھتہ خوری کے زمرے میں نہیں آتا۔

مقدمے کے دوران، سابق معاونین اور سیکیورٹی گارڈز نے بھی گواہی دی کہ ان سے ہوٹلوں میں انتظامات، منشیات کی خریداری اور شواہد چھپانے جیسے کام لیے جاتے تھے۔ ایک گارڈ نے کہا کہ کومبز نے اسے ایک لاکھ ڈالر ادا کیے تاکہ وہ ایک نگرانی کی ویڈیو ٹیپ حوالے کرے، جس میں مبینہ طور پر وینٹورا پر حملہ ریکارڈ تھا۔

شان کومبز کو ستمبر 2024 سے بروکلین کی وفاقی جیل میں قید رکھا گیا ہے۔ اب ان کی حتمی سزا کے تعین کیلئےسماعت آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں