معروف امریکی گلوکار بریٹ جیمز طیارہ حادثے میں اہلیہ اور بیٹی سمیت ہلاک

شمالی کیرولائنا (اے پی/سی این این) –معروف امریکی گلوکار اور گریمی ایوارڈ یافتہ گیت نگار بریٹ جیمز اپنے نجی طیارے کے حادثے میں اہلیہ اور بیٹی سمیت ہلاک ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق 57 سالہ بریٹ جیمز اپنی اہلیہ میلوڈی ولسن اور بیٹی میرل میکس ویل ولسن کے ہمراہ نجی طیارے میں سفر کر رہے تھے کہ شمالی کیرولائنا کے شہر فرانکلن کے قریب کھلے میدان میں طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں طیارے میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

طیارہ امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر نیش وِل کے جان سی ٹیون ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا اور پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوکر ایک اسکول کے قریب کھیت میں گرا۔ خوش قسمتی سے اسکول کے طلباء اور عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

حادثے کے فوراً بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔ وفاقی ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بریٹ جیمز کنٹری میوزک انڈسٹری کے معروف نغمہ نگار تھے اور کئی مشہور گانوں کے لکھنے پر گریمی ایوارڈ حاصل کر چکے تھے۔ ان کی اچانک موت پر مداحوں اور میوزک انڈسٹری کے نمائندوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں