مقبوضہ بیت المقدس(ایجنسیاں)مقبوضہ بیت المقدس میں ایک ڈرائیور نے تیز رفتار بس آرتھوڈوکس یہودی مظاہرین پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے، بس ڈرائیور کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔حکام کے مطابق بس کے نیچے آکر فٹ پاتھ پر کھڑا 18 سالہ اسرائیلی نوجوان ہلاک ہو گیا، جبکہ تین افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہزاروں آرتھوڈوکس یہودی فوج میں لازمی بھرتی کے خلاف احتجاج کے لیے جمع تھے۔ واقعے کے فوراً بعد بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین نے سڑکیں بلاک کر دیں، بسوں پر پتھراؤ کیا، پولیس اور دیگر اہلکاروں پر انڈے اور مختلف اشیا پھینکیں جبکہ کئی مقامات پر کچرے کے ڈبوں کو آگ لگا دی گئی، جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔

