ملائیشیا جانے کیلئے پاکستانی شہری الیکٹرانک ویزا بھی اپلائی کرسکتے ہیں

ملائیشیا جانے والوں کو ویزا حاصل کرنے کیلئےچند قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھنا ہوگا جبکہ پاکستانی شہری الیکٹرانک ویزا بھی اپلائی کرسکتے ہیں۔

ہر سال سیاحوں کی ایک بڑی تعداد ملائیشیا کا رخ کرتی ہے کیونکہ یہاں کے ساحل، سرسبز جنگلات، بارشیں اور تاریخی مقامات کا امتزاج لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، ملائیشین قوانین کے مطابق غیرملکیوں کو بطور سیاح ملک کا سفر کرنے سے پہلے وزٹ ویزا حاصل کرنا ضروری ہے۔

پاکستانی شہری یا دیگر ممالک سے آنے والے لوگ چھ ماہ کی میعاد کے ساتھ ملائیشیا کے الیکٹرانک ویزا حاصل کرنے کیلئےدرخواست دینے کے اہل ہیں، ای ویزا منظور ہونے کی تاریخ سے چھ ماہ تک درست ہوتا ہے۔

ملائیشیا کے ای ویزا کیلئے درکار دستاویزات میں پاکستانی پاسپورٹ، پاکستانی پاسپورٹ کے بائیوگرافیکل معلومات کے صفحے کی ڈیجیٹل کاپی، درخواست گزار کی حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر، رہائش کا ثبوت، سفر کی مدت کیلئے فنڈز کا ثبوت اور ریٹرن ٹکٹ شامل ہے۔

سیاحوں کیلئے ملائیشیا کے ای ویزا کی فیس 20 ملائیشین رنگٹ ہے جبکہ ایک رنگٹ 63.6 روپے کے برابر ہے لہذا الیکٹرانک سنگل انٹری ویزا کی فیس 1,272 روپے ہے۔

یہ بات واضح رہے کہ درخواست دہندگان سروس چارجز کے علاوہ ویزا پروسیسنگ فیس بھی ادا کریں گے جو کہ 105 رنگٹ ہے، ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ساتھ ای ویزا پروسیسنگ فیس ادا کی جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں