ملتان (نمائندہ خصوصی)ملتان کے قریب جلال پور پیر والا میں دریائے چناب پر سیلاب متاثرین کو منتقل کرنے والی ریسکیو 1122 کی کشتی الٹنے سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
ضلعی حکومت ملتان کے ترجمان وسیم یوسف نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ کشتی ایک درخت سے ٹکرا گئی جس کے بعد تیز بہاؤ کے باعث الٹ گئی۔ حادثے کے وقت کشتی میں زیادہ تر خواتین اور بچے سوار تھے جو اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے۔ پانی کی گہرائی 15 سے 20 فٹ بتائی گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد فوری سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس میں 4 لاشیں نکال لی گئیں، متعدد افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ ایک بچے کی تلاش مختلف مقامات پر جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے سیکریٹری ڈاکٹر رضوان نذیر نے اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر ملتان عامر کریم خان نے بھی جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان کاٹھیا نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متاثرین کے انخلا کے دوران کسی بھی کشتی میں اوورلوڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور رپورٹ طلب کرلی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق صرف ملتان میں سیلابی کارروائیوں کے دوران اب تک 9 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد اور 3 لاکھ سے زائد مویشیوں کو سیلاب سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

