ملٹن: آٹزم واک، میئر گورڈن کرانٹز کاقیصر صغیر میؤ (QSM)کو خراجِ تحسین

ٹورنٹو سے ملٹن تک 56کلومیٹر واک 10 گھنٹے میں مکمل، شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت

ملٹن (نمائندہ خصوصی) آٹزم کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئےٹورنٹو سے ملٹن تک ہونیوالی “تھینکس گیونگ واک ٹو سپورٹ آٹزم” کامیابی سے مکمل ہوگئی۔ واک کے شرکاء کا ٹاؤن ہال پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

یہ 56کلومیٹر طویل واک قیصر صغیر میؤ (QSM) کی قیادت میں ٹورنٹو سٹی ہال سے صبح شروع ہوئی اور تقریباً 10 گھنٹے بعد شام کو کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔ ملٹن کے شہریوں نے راستے بھر میں والہانہ استقبال کیا اور اس نیک مقصد کے لیے واکرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

استقبالیہ تقریب ملٹن ٹاؤن ہال میں منعقد ہوئی، جس میں ملٹن کے میئر گورڈن کرانٹز نے قیصر صغیر میؤ اور ان کی ٹیم کو آٹزم کیلئے ان کی انتھک کاوشوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ایم پی پی زی حامد (ایسوسی ایٹ سولیسیٹر جنرل – آٹو تھیفٹ و بیل ریفارم)،ندیم اکبر (ممبر ہلٹن پولیس سروسز بورڈ و امیدوار برائے برلنگٹن نارتھ–ملٹن ویسٹ)، ٹاؤن اور ریجنل کونسلرز سمیت معزز شہریوں نے بھی شرکت کی۔

ملٹن کے میئر گورڈن کرانٹزنے اپنے خطاب میں کہا کہ “قیصر صغیر میؤ اور ان کی ٹیم نے کمیونٹی میں آٹزم کے بارے میں آگاہی پھیلانے کا شاندار کام کیا ہے، جو دوسروں کیلئےایک مثال ہے۔” یہ واک نہ صرف آٹزم کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کا باعث بنی بلکہ کمیونٹی کے جذبے اور ہمدردی کی بہترین مثال بھی ہے۔

میئر نے بتایا کہ یہ اقدام ایک ماہ قبل ندیم اکبرکی تجویز پر شروع ہوا اور وہ خود فوراً اس میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے اپنی ذاتی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پر پوتے کو بھی آٹزم ہے، اسلئے یہ مقصد ان کیلئے نہایت اہم اور عزیز ہے۔

ملٹن کے سٹی ریجنل کونسلر سمیع اعجاز نے کہا کہ آٹزم کے بارے میں آگاہی اور ابتدائی تشخیص بہت اہم ہیں، خاص طور پر ملٹن جیسے کثیر الثقافتی علاقے میں جہاں مختلف قومیتوں اور زبانوں کے بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یہ واک کمیونٹی میں شعور اور تعاون پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

ندیم اکبر(ممبر ہلٹن پولیس سروسز بورڈ و امیدوار برائے برلنگٹن نارتھ/ملٹن ویسٹ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ پچھلے سال قیصر نے ٹورنٹو سے برامپٹن تک واک کی تھی اور تب انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ اگلی بار یہ واک ملٹن میں ہوگی۔ انہوں نے قیصر کو 20 سال سے جاننے کے حوالے سے بتایا کہ وہ ہمیشہ کمیونٹی کے کسی بھی مقصد کیلئے پیش پیش رہتے ہیں۔ندیم اکبر نے میئر، کونسلرز اور مقامی رہنماؤں کی جانب سے قیصر کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء اور رضاکاروں کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے خصوصی طور پر فضا بہن اور رک کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے واک میں حصہ لے کر تعاون کیا، نیز اپنی ٹیم کے ارکان ظہیر بھائی، ضیاء بھائی، عطا بھائی اور ملک شہزاد کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واک کے دوران کئی افراد نے حصہ لیا، جن میں وہ افراد بھی شامل تھے جو مکمل راستہ طے نہ کر سکے لیکن جزوی طور پر شریک ہو کر حمایت دی۔ میئر، کونسلر اور مقامی رہنماوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی خدمات کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا۔یہ واک آٹزم کے حوالے سے آگاہی، فنڈ ریزنگ اور کمیونٹی تعاون کی مثال قائم کرتی ہےاور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کیلئے حوصلہ افزائی کا سبب بنے گی۔

یہ تقریب آٹزم اونٹاریو کے تعاون سے منعقد ہوئی، جب کہ میڈیا پارٹنر کے طور پر ریڈیو ای آواز نے ایونٹ کی بھرپور کوریج کی۔ واک کے منتظمین نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب اقدام سے معاشرے میں ہمدردی، شمولیت اور یکجہتی کا پیغام مضبوط ہوا ہے۔

واک کی تازہ جھلکیاں اور تصاویر “فیس بک پیج walkforagreatcause@” اور واٹس ایپ چینل “Walk for a great cause” پر جاری کی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں