ملک بھر میں عیدالفطر پر مذہبی جوش و خروش، نماز کے اجتماعات، ملکی سلامتی کیلئے دعائیں

لاہور(نیوزڈیسک)ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے، اسلام آباد، لاہور پشاور، کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، ان اجتماعات میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ بالخصوص فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئےخصوصی دعائیں کی گئیں، نماز عید کے اجتماعات میں میں اہم حکومتی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، جہاں سیاسی شخصیات اور شہریوں نے نماز عید ادا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نماز عید لاہور میں ادا کی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے وزیراعظم کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔انہوں نے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئےدعا بھی کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید بینظیر آباد (سابق نواب شاہ) جب کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے نماز عید لاڑکانہ میں ادا کی۔

لاہور کے باغ جناح اور مینار پاکستان میں بھی عید کے نماز کے اجتماعات ہوئے، لاہور کی بادشاہی مسجد میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا، مولانا عبدالخبیر آزاد نے نماز عید پڑھائی، نماز عید میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

راولپنڈی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع لیاقت باغ میں ہوا، جس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید بھی شریک ہوئے۔

پشاور میں عید الفطر کی نماز مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ پر ادا کی گئی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں نماز عید ادا کی۔

نماز عید کے اجتماع میں ملکی سلامتی، خوشحالی، قومی یکجہتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، نماز عید کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نمازیوں سے عید ملے اور ان سے عید کی مبارکباد وصول کی۔

شہدائے وطن کو عیدالفطر پر یاد رکھیں:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہدائے وطن کو عید الفطر پر یاد رکھیں ۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے عیدالفطر پر اپنے پغام میں کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپ کی سلامتی کیلئےہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، جب کہ باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے قوم کو عید الفطر کی مبارک باد دی ہے۔اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ اللّٰہ امت مسلمہ کو اتحاد، محبت اور بھائی چارے کی توفیق عطا فرمائے، عید ہمیں محبت، احساس، رواداری کے اصولوں کو اپنانے کا درس دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عید پر ضرورت مندوں اور کمزور طبقات کو یاد رکھنا چاہیے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور سروسز چیفس کی قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور سروسز چیفس نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کی عید کی اصل خوشی قوم کے دفاع کی ذمہ داری سنبھالنےمیں ہے۔

مادر وطن کے دفاع پر تعینات اہلکار امن اور خوشحالی کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہاگیا کہ پاک فوج اپنے سپاہیوں کی قربانیوں اور ان کے اہل خانہ کے غیرمتزلزل تعاون کی قدر کرتی ہے۔

یوم عید پر ہر فرد کی خوشی کیلئے دعا گو ہوں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الفطرکے موقع پر اہل پاکستان کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی سے یوم عید پر ہر فرد کی خوشی کیلئے دعا گو ہوں، دلی دعا ہے کہ ارض پاک پر اترنے والی خوشیوں کو کبھی زوال نہ آئے۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ عید الفطر ہر مسلمان کیلئےیوم تشکر اور اللہ تعالی کا انعام ہے، ہو سکتاہے کہ آپ کے احساس اور ایثار سے کسی چہرے پر مسکراہٹ آجائے، عید تو تب ہی عید کہلائے گی جب سب باہم خوشیوں میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالفطر احساس اور ایثارکا نام ہے، عید الفطر پر یتامیٰ اور مساکین کا احساس اور دلجوئی کرنا سنت نبویؐ ہے، عید کے موقع پر یتیم بچے کے ساتھ نبی کریمؐ کا شفقت بھرا سلوک احساس کی ابدی مثال ہے، عید الفطر کے موقع پر نادار لوگوں کی ضرورتوں کو جان کر مدد کرنا مستحسن اور مقبول عمل ہے۔

عید کی خوشیاں چھوٹے ملازمین کو شریک کرنے سے دوبالا ہو جاتی ہیں،عید پر وطن عزیز کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، عید کے روز شہداء کے خاندانوں کو بھی یاد رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عید صرف اپنے لئےخوشی منانے کا نام نہیں بلکہ دوسروں کی مدد کرنے والے زیادہ سکون اورخوشیاں پاتے ہیں، اللہ تعالی نے ہمیں جتنی نعمتو ں سے نوازا ہے اسی کے مطابق دوسروں کی مدد کیجئے، گلی محلے میں ان لوگو ں کا خیال خود کیجئے جن کا دسترخوان عید کے روز بھی خالی ہے۔

محافظوں کی وجہ سے عید اطمینان سے منارہے ہیں:وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عیدالفطر خوشیوں، یکجہتی اور باہمی محبت بانٹنے کا دن ہے، عوامی خدمت اور ترقی کا عزم لیے آگے بڑھ رہے ہیں، بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں ہر طبقے کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ عید کی نماز کوئٹہ میں ادا کی۔نماز عید کے بعد وزیر اعلٰی سرفراز بگٹی صوبائی وزرا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سرکاری حکام اور وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے افسران و اسٹاف سے عید ملے اور مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر وطن عزیز اور عوام کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے غازی آج عید کے دن بھی پاکستان کے دور دراز علاقوں میں فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں، ان محافظوں کی قربانیوں کی بدولت قوم عید کی خوشیاں اطمینان سے منا رہی ہے۔

عیدالفطر محبت، اخوت اور باہمی اتفاق کا دن ہے، دنیا بھر میں مسلم کمیونٹیز آج خوشیاں بانٹنے اور سمیٹنے میں مصروف ہیں، تاہم امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں عید کے معاملے پر اس سال بھی مسلم کمیونٹیز منقسم نظر آئیں۔کچھ مسلمان کمیونٹیز آج عید منارہی ہیں، جب کہ کچھ مسلمانوں کی جانب سے گزشتہ روز عید منائی گئی تھی۔

روس میں بھی عید کے پرمسرت دن کے موقع پر گہما گہمی نظر آرہی ہے، روسی صدر نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ آج کا دن مہربانی اور ہمدردی کا دن ہے، انہوں نے تعلیم اورخیراتی اداروں کیلئےتعاون پر مسلمانوں کی قابل قدر شراکت داری کو بھی سراہا۔

انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی آج عید منائی جارہی ہے، جکارتہ کی جامع مسجد میں مرد و خواتین سمیت ایک لاکھ سے زائد افراد نے عید کی نماز ادا کی۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی جامع مسجد میں نمازعید کا بڑا اجتماع ہوا، ممبئی اور بھوپال میں بھی نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، جہاں امن و استحکام اور امت مسلمہ کی سلامتی کیلئےخصوصی دعائی مانگی گئیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں