ملک ریاض کی اربوں روپے کی عوامی سرمایہ کاری بچانے کیلئے فوری حکومتی مداخلت کی اپیل

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) بحریہ ٹاؤن کے بانی ملک ریاض حسین نے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر حکام سے اربوں روپے کی عوامی سرمایہ کاری بچانے کیلئے فوری حکومتی مداخلت کی اپیل کردی۔

ملک ریاض نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کی املاک کی ضبطی، نیلامی اور ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ سے ہزاروں پاکستانیوں کی جمع پونجی اور روزگار کو خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگست 2025 کے بعد بحریہ ٹاؤن کا تنازع حل کرنے کیلئے مذاکرات یا حکومتی مداخلت کی یہ چوتھی اپیل ہے، تنازعات کو قانونی بنیادوں اور انسانی ہمدردی کے تحت حل کیا جائے۔ملک ریاض نے مطالبہ کیا کہ تنازعات کے حتمی فیصلے تک کم قیمت پر ہونے والی نیلامی، منتقلی اور قبضے کا عمل روکا جائے۔

بحریہ ٹاؤن نے شفاف نگرانی میں ترقیاتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی اور کہا کہ وصول ہونے والی رقم کا ایک متفقہ حصہ واجبات کی ادائیگی کیلئے مخصوص کیا جاسکتا ہے۔