میکسیکو کے صدر اندریس مانوئل لوپیز اوبرادور نے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے نتیجے میں امریکا اور کینیڈا کے سفیروں کے ساتھ تعلقات معطل کر دیے ۔اے ایف پی کے مطابق میکسیکو سٹی کے سرکاری محل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اوبرادور نے اعلان کیا کہ امریکا اور کینیڈا کے سفیروں کے ساتھ تعلقات فی الحال معطل کر دیئے گئے ہیں کیونکہ انہوں نے ہماری عدالتی اصلاحات پر تنقید کی تھی ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ، امریکی سفیر کین سلازار کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے ہیں لیکن فی الحال معطل ہیں ، انہیں میکسیکو کی خودمختاری کا احترام کرنے کی ضرورت ہے البتہ ہم انہیں یہ نہیں بتائیں گے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ہے ، ہم ان سے احترام اور افہام و تفہیم کی توقع ضرور کرتے ہیں۔صدر اوبرادور نے کہا کہ امریکا اور کینیڈا کے سفیروں کے ساتھ معطل شدہ تعلقات کا ان کی مرکزی حکومتوں سے کوئی تعلق نہیں ، اگر دونوں سفیر میکسیکو کی خود مختاری کے لیے ضروری احترام کا مظاہرہ کریں گے تو تعلقات پہلے کی طرح جاری رہیں گے۔