ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے سینئر اداکار جیتندر اداکارہ زرین خان کی تعزیتی تقریب میں شرکت کے دوران معمولی حادثے کا شکار ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق جیتندر جیسے ہی ممبئی میں منعقدہ تقریب کے اندر داخل ہو رہے تھے تو ان کا توازن بگڑ گیا اور وہ سیڑھیوں سے پھسل کر زمین پر گر گئے۔ خوش قسمتی سے وہاں موجود افراد نے فوری طور پر انہیں سہارا دے کر اٹھنے میں مدد کی۔
واقعے کے بعد جیتندر نے خود کو سنبھال لیا اور معمولی تکلیف کے باوجود تقریب میں مختصر وقت کیلئےموجود رہے۔ سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں نے اداکار کی خیریت دریافت کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔زرین خان، جو معروف فلم ساز سنجے خان کی اہلیہ تھیں، 7 نومبر کو 81 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔
ان کی تعزیتی تقریب میں بالی ووڈ کی متعدد شخصیات شریک ہوئیں، جن میں رانی مکھرجی، ریتک روشن، صبا آزاد، علی گوئی اور جیسمین بھاسن شامل تھیں۔زرین خان کے سوگواران میں شوہر سنجے خان اور بچے سوزین خان، سیمون اروڑا، فرح علی خان اور زید خان شامل ہیں۔باخبر ذرائع کے مطابق، جیتندر کی حالت اب تسلی بخش ہے اور انہیں کسی بڑے زخم کا سامنا نہیں ہوا۔

