ممبئی: ایک لیٹر دودھ منگوانے پر بزرگ خاتون 18 لاکھ روپے سے محروم

ممبئی(ایجنسیاں)بھارت میں آن لائن فراڈ کا ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ممبئی کی ایک بزرگ خاتون صرف ایک لیٹر دودھ منگوانے کے چکر میں اپنی زندگی کی جمع پونجی گنوا بیٹھیں۔

واڈالا، ممبئی کی 71 سالہ خاتون کو 4 اگست کو ایک شخص نے فون کیا، جس نے خود کو ایک ڈیری کمپنی کا ملازم ظاہر کیا۔ملزم نے ایک لنک بھیجا اور آرڈر مکمل کرنے کیلئےخاتون سے ذاتی اور بینک تفصیلات درج کرنے کو کہا۔تقریباً ایک گھنٹے تک فون پر رابطے میں رہتے ہوئے اس نے خاتون کو قدم بہ قدم ہدایات دیں۔

چند دن بعد بینک جانے پر خاتون کو پتا چلا کہ ان کے اکاؤنٹس سے 18 لاکھ بھارتی روپے غائب ہوچکے ہیں۔پولیس تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ خاتون کے دو دیگر اکاؤنٹس بھی خالی کر دیے گئے۔پولیس رپورٹ کے مطابق، لنک کے ذریعے ملزم نے خاتون کے فون کا ریموٹ کنٹرول حاصل کیا۔اس کے بعد اس نے بینکنگ ایپس اور دیگر حساس معلومات تک رسائی حاصل کرکے تمام رقم منتقل کر لی۔

متاثرہ خاتون نے سرکاری طور پر شکایت درج کرائی ہے۔پولیس کے مطابق ملزم تاحال مفرور ہے، تاہم اس کی تلاش جاری ہے۔خاتون اپنی تمام جمع پونجی لٹ جانے پر شدید ذہنی صدمے میں ہیں۔یہ واقعہ بھارت میں تیزی سے بڑھتے ہوئے آن لائن فراڈز کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں