ممبئی میں 65 کروڑ 54 لاکھ روپے کے مبینہ گھپلے کی تحقیقات، اداکار ڈینو موریا گرفتار

ممبئی (بھارتی میڈیا) بالی ووڈ اداکار ڈینو موریا کو ممبئی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ نے 65 کروڑ 54 لاکھ روپے کے مبینہ مٹھی ریور ڈی سلٹنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کی ٹیم نے باندرہ میں ڈینو موریا کی رہائش گاہ پر تقریباً 8 گھنٹے تک تفتیش کی، جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق معاملہ ممبئی کی مٹھی ندی کی صفائی اور ٹھیکوں کی تقسیم میں مبینہ طور پر ہونے والے 65 کروڑ 54 لاکھ روپے کے گھپلے سے متعلق ہے، جس میں ڈینو موریا کی مبینہ مالی شمولیت کے شواہد ملے ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتاری کے بعد ڈینو موریا کو طبی معائنے کیلئے لے جایا گیا، جس کے بعد انہیں جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔