ممبئی میں ٹائیگر شروف کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ، ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی

ممبئی (خبر ایجنسیاں)بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف پر ممبئی کے علاقے جوہو میں فائرنگ کی گئی، تاہم اداکار محفوظ رہے۔ فائرنگ کے واقعے میں ان کا ڈرائیور اور ایک رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق اتوار کی شام موٹر سائیکل پر سوار 3 افراد نے فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق لارنس بشنوئی گروہ سے مبینہ تعلق رکھنے والے انیل پنڈت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس پیغام میں ہرمَن سندھو کا نام بھی لیا گیا ہے، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں دعویٰ کیا گیا کہ ٹائیگر شروف کو پہلے فون کرکے سمجھانے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن بات نہ ماننے پر فائرنگ کی گئی۔ پیغام میں مزید دھمکی دی گئی کہ ممبئی کی فلمی صنعت میں جو بھی ان کی بات نہیں مانے گا یا سلمان خان کے ساتھ کام کرے گا، اسے بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کررہی ہے۔ حکام کی جانب سے تاحال سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے دعوے کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

36 سالہ ٹائیگر شروف معروف بھارتی اداکار جیکی شروف کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے 2014ء میں فلم ’ہیروپنتی‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ وہ ایکشن، مارشل آرٹس اور خطرناک کرتبوں پر مبنی کرداروں کے باعث شہرت رکھتے ہیں۔