ممبئی( بھارتی میڈیا، سوشل میڈیا)بھارتی اداکارہ ریا چکرورتی نے کہا ہے کہ سال 2020ء ان کی زندگی کا نہایت مشکل اور شدید آزمائش کا دور تھا۔ریا چکرورتی نے اپنے پوڈکاسٹ چیپٹر 2 کے سیزن فائنل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں وہ اپنی زندگی کے کٹھن مرحلے کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد انہیں مبینہ منشیات روابط کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور ان پر متعدد سنگین الزامات عائد کیے گئے۔33 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ اس بحران کے دوران انہیں شدید ذہنی، سماجی اور قانونی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، تاہم سال 2025ء میں سی بی آئی نے اپنی کلوز رپورٹ میں انہیں تمام الزامات سے بری کر دیا۔
ریا چکرورتی نے کہا کہ مشکل وقت میں ان کے قریبی دوست خصوصاً اداکارہ شبانی دندیکر اور ان کی بہن انوشا دندیکر مضبوطی کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑی رہیں۔انہوں نے دوستوں کی غیر مشروط حمایت کو اپنی زندگی کی بقا کا بڑا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں تسلی دیتی رہیں اور کہتیں کہ اگر تم روؤ گی تو ہم بھی رو دیں گے۔
ریا گرفتاری کے بعد 28 دن جیل میں گزارنے کے بعد دوبارہ اپنی زندگی میں لوٹ آئیں، انہوں نے ٹی وی پر واپسی کی، اپنا ملبوسات برانڈ اور پوڈکاسٹ لانچ کیا، جو ان کے حوصلے، جدوجہد اور نئے آغاز کی علامت ہے۔

