مونٹریال:ٹرانسپورٹ نظام محفوظ اور بہتر کریں:مئیرسے مطالبہ

مونٹریال (نامہ نگار)مونٹریال میں ٹرانسپورٹ کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہو گیا ہے۔ آر ای ایم کی بندش، ایس ٹی ایم کی ہڑتالوں اور بڑھتی ہوئی ٹریفک نے شہریوں کی آمد و رفت کو متاثر کر دیا ہے۔ ماہرین نے آئندہ بلدیاتی انتخابات سے قبل نئی شہری قیادت سے محفوظ، پائیدار اور مؤثر سفری ذرائع پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹرانسپورٹ کے ماہرین کے مطابق مونٹریال میں بڑھتی ہوئی ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مسائل شہری زندگی پر گہرے اثرات ڈال رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹ تنظیم ٹراجیکتوار کیوبیک کے نمائندے فلپ جاک نے کہا کہ مونٹریال کے میٹرو نظام کو فوری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ملک کا دوسرا قدیم ترین نیٹ ورک ہے اور مسلسل مرمت و توسیع کا متقاضی ہے۔

سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کی تنظیموں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی سڑکوں کو عوامی نقل و حرکت کے مطابق دوبارہ منظم کیا جائے۔ ویلو کیوبیک کی پروگرام ڈائریکٹر مگالی بیبرون نے کہا کہ سائیکلنگ کا فروغ نہ صرف سائیکل سواروں بلکہ تمام شہریوں کیلئےمفید ہے، کیونکہ اس سے ٹریفک اور پارکنگ کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔

اسی طرح پییٹون کیوبیک کی ڈائریکٹر سینڈرین کابانا نے کہا کہ مونٹریال کی زیادہ تر سڑکیں اب بھی گاڑیوں کے حق میں ہیں۔ ان کے مطابق آئندہ میئر کو سڑکوں کو محفوظ بنانا، گاڑیوں کی تعداد کم کرنا اور پیدل چلنے والوں کے لیے مزید آسان اور محفوظ راستے فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بہتر سفری نظام صرف رفتار کا نہیں بلکہ سہولت، حفاظت اور پائیداری کے امتزاج کا نام ہے، جس پر آئندہ بلدیاتی حکومت کو سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا۔شہریوں اور ماہرین کی رائے ہے کہ اگر مونٹریال کو مستقبل کا پائیدار شہر بنانا ہے تو کاروں پر انحصار کم اور پبلک ٹرانسپورٹ، سائیکلنگ اور پیدل چلنے کے نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں