بریسبن (اسپورٹس ڈیسک) آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے بریسبن میں جاری ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں وسیم اکرم کا 414 وکٹوں کا ریکارڈ توڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
اس میچ میں اسٹارک نے پہلی اننگز میں 71 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور تیسری وکٹ حاصل کرنے کے بعد وسیم اکرم کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا۔ اسٹارک نے ہیری بروک کو 31 رنز پر آؤٹ کر کے یہ اعزاز حاصل کیا۔
واضح رہے کہ سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے 104 ٹیسٹ میچز میں 414 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ مچل اسٹارک نے 101 ٹیسٹ میچز میں یہ ریکارڈ توڑ دیا۔
بائیں ہاتھ سے فاسٹ باؤلنگ کرنے والے دیگر باؤلرز میں چمندا واس 355 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر، ٹرینٹ بولٹ 317 وکٹوں کے ساتھ چوتھے اور مچل جانسن 313 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

