مچھ :بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا،7 جوان شہید

مچھ(آئی ایس پی آر)بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 7 اہلکار شہید ہوگئے۔ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آج بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں بھارتی پراکسی سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں، کالعدم ’بلوچ لبریشن آرمی‘ نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ بم ( آئی ای ڈی ) سے نشانہ بنایا، جس سے گاڑی میں سوار7 جوان شہید ہوگئے۔

جام شہادت نوش کرنےو الوں میں صوبیدار عمر فاروق (عمر 42 سال؛ ساکن کراچی)، نائیک آصف خان (عمر 28 سال؛ ساکن ضلع کرک)، نائیک مشکور علی (عمر 28 سال؛ ساکن ضلع اورکزئی)، سپاہی طارق نواز (عمر 26 سال؛ ساکن ضلع لکی مروت)، سپاہی واجد احمد فیض (عمر 28 سال؛ ساکن ضلع باغ)، سپاہی محمد عاصم (عمر 22 سال؛ ساکن ضلع کرک) اور سپاہی محمد کاشف خان (عمر 28 سال؛ ساکن ضلع کوہاٹ) شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کیلئےسینیٹائیزیشن کا عمل جاری ہے، اور اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز، قوم کے شانہ بشانہ، بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ، پاکستان کی سرزمین پر کام کرنیوالےلے بھارت اور اس کے پراکسیز کے مذموم عزائم کو بہادر سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور پاکستان کی بہادر قوم مل کر شکست دے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں