میر مرتضیٰ بھٹو جونیئر کا سیاسی میدان میں قدم رکھنے کا اعلان، فاطمہ بھٹو کے ساتھ جلد نئی تحریک کا آغاز ہوگا

کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان کے ممتاز سیاسی خانوادے کے وارث میر مرتضیٰ بھٹو جونیئر نے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت سیاسی جدوجہد کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے”میری پوری زندگی اس سوال کے گرد گھومتی رہی ہے کہ میں اپنے لوگوں کی خدمت سب سے بہتر طریقے سے کیسے کر سکتا ہوں۔

پچھلے ایک سال کے دوران یہ بات دن بہ دن زیادہ واضح ہوتی گئی کہ آگے بڑھنے کا راستہ یہی ہے کہ میں سیاسی میدان میں قدم رکھوں، تاکہ ایک دن میں وہ وسائل اور اختیارات حاصل کر سکوں جو مستقل اور پائیدار تبدیلی لانے کیلئے ضروری ہیں۔”

میر مرتضیٰ بھٹو جونیئر نے کہا کہ ان شاء اللہ، اللہ تعالیٰ کی رحمت اور برکت سے وہ جلد ہی کئی ہم خیال کامریڈ ساتھیوں کے ساتھ سیاسی تحریک کا آغاز کرینگے جس میں ان کی ہمشیرہ فاطمہ بھٹو بھی کلیدی کردار ادا کریں گی۔

انہوں نےکہا کہ یہ تحریک ایک طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اصولوں یعنی انصاف اور برابری کی طرف واپسی ہے اور دوسری طرف ایک نئے سیاسی راستے کی تعمیر بھی ہے جو آج کے چیلنجز سے ہم آہنگ ہو۔

میر مرتضیٰ بھٹو جونیئر اور فاطمہ بھٹو دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنے والد شہید میر مرتضیٰ بھٹو کے نظریے، فلسفے اور ورثے سے وابستہ ہیں، اور ان کا مقصد ہے کہ وہ اس نظریے کو نئی نسل اور بدلتی دنیا کے تقاضوں کے مطابق ایک مؤثر جدوجہد کی صورت میں آگے بڑھائیں۔

سیاسی مبصرین اس اقدام کو ملکی سیاست میں ایک ممکنہ نئی صف بندی اور متبادل سیاسی آواز کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں