مسی ساگا(نمائندہ خصوصی) مسی ساگا کی کونسلر دیپیکا ڈامرلا (وارڈ 7) نے آج سٹی کونسل میں ایک نئے ٹرانزٹ ایپ کی خریداری کیلئےپراپرٹی ٹیکس کے 8 ملین ڈالر خرچ کرنے کی تجویز کیخلاف ووٹ دیا۔ کونسل نے اکثریت سے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔
کونسلر ڈامرلا نے وضاحت کی کہ یہ ایک غیر ضروری خرچ ہے کیونکہ عوام پہلے ہی مفت اور مؤثر متبادل استعمال کر رہے ہیں۔
کونسلر ڈامرلا نے کہا “ہمارے شہری پہلے ہی مفت ٹرانزٹ ایپس جیسے کہ گوگل میپس اور ایپل میپس استعمال کر رہے ہیں جو ہر ایک کی رسائی میں ہیں۔ ایسے میں عوام کے 8 ملین ڈالر ٹیکس کو ایک ایسی سروس پر خرچ کرنا جو پہلے ہی مفت دستیاب ہو مالی طور پر غیر ذمہ دارانہ ہے۔ میرا فرض ہے کہ میں اپنے وارڈ اور شہر کے لوگوں کے ٹیکس کے پیسوں کا تحفظ کروں۔”
اس موقع پر، شہری اومکار دیشپانڈے نے بھی کونسل کے سامنے بات کی اور اس خرچ کی مخالفت کی۔ دیشپانڈے نے نشاندہی کی کہ وہ جو ٹرانزٹ ایپ استعمال کرتے ہیں وہ پہلے ہی مفت میں دستیاب ہے اور ان کی رائے میں یہ رقم بچائی جانی چاہیے۔
اومکار دیشپانڈے نے کہا “جب مجھے معلوم ہوا کہ شہر اس ایپ کیلئےادائیگی کرنے جا رہا ہے جبکہ ہم پہلے سے ہی ایک ایسے ایپ کا مفت ورژن استعمال کر رہے ہیں، تو یہ تجویز کافی عجیب لگی۔ یہ ایسی رقم ہے جسے شہر کو بچانا چاہیے تھا، اور یہ فیصلہ عقل کیخلاف تھا۔”
کونسلر ڈامرلا اور دیگر کونسلرز کے ووٹ کے بعد یہ تجویز کونسل میں مسترد کر دی گئی۔تاہم کونسلر ڈامرلا نے شہریوں کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

