ن لیگی رہنمانہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

کراچی (نمائندہ خصوصی،نامہ نگار) نہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حلف ظفر احمد راجپوت نے ان سے لیا۔گورنر سندھ کی تقریبِ حلف برداری میں مراد علی شاہ، ضیا لنجار، ناصر شاہ اور ذوالفقار شاہ نے شرکت کی۔تقریب میں مرتضیٰ وہاب، بشیر میمن اور علی اکبر گجر سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما اور کارکنان بھی شریک ہوئے۔

خیال رہے کہ نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز کیا گیا تھا، جس کی منظوری آصف علی زرداری نے دی تھی۔گزشتہ روز شہباز شریف سے نامزد گورنر نہال ہاشمی نے ملاقات بھی کی تھی اور وزیرِ اعظم نے انہیں گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد دی تھی۔

نہال ہاشمی 1997ء سے 1999ء تک نواز شریف کے دورِ حکومت میں وزیرِ اعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف رہے۔ 2012ء میں انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں جبکہ اگست 2014ء میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ (ن) چیپٹر کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا۔

بعد ازاں 2015ء میں وہ سینیٹ کیلئےمسلم لیگ (ن) کے امیدوار منتخب ہوئے۔2017ء میں پاناما پیپرز کیس سے متعلق متنازع بیان پر انہیں مسلم لیگ (ن) سے نکال دیا گیا تھا تاہم 2021ء میں ان کی پارٹی رکنیت بحال کر دی گئی تھی۔