نئی دہلی میں اپوزیشن مارچ: راہول گاندھی، پریانکا گاندھی اور متعدد رہنما گرفتار

نئی دہلی(ایجنسیاں) بھارتی اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کو پیر کے روز دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا، جب وہ تقریباً 300 اپوزیشن اراکین کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن کی جانب مارچ کر رہے تھے۔

مظاہرے کا مقصد انتخابی فہرست میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شفافیت کے فقدان کے خلاف احتجاج تھا۔ راہول گاندھی نے مارچ کے دوران کہا: “یہ سیاسی نہیں، آئین کو بچانے کی لڑائی ہے۔ ہم صاف اور شفاف ووٹر لسٹ چاہتے ہیں، یہ ایک آدمی، ایک ووٹ کے اصول کے لیے ہے۔”

پولیس نے پریانکا گاندھی، شیو سینا کے سنجے راوت، ساگرِکا گھوش اور دیگر رہنماؤں کو بھی حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق، احتجاج کی اس پیمانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، اور صرف 30 ارکان کو الیکشن کمیشن جانے کی اجازت تھی، جبکہ 200 سے زائد ارکان مارچ میں شریک ہوئے۔

مظاہرے کے دوران بعض رہنماؤں نے بیریکیڈز پھلانگنے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے کارروائی کی۔ ویڈیوز میں اپوزیشن رہنماؤں اور کارکنوں کو پلے کارڈز اٹھائے، نعرے لگاتے اور رکاوٹیں دھکیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ راہول گاندھی نے حال ہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر لوک سبھا انتخابات میں 100 نشستوں پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ جب انتخابی نظام کے بارے میں ڈیٹا جاری کریں گے تو یہ “ایٹم بم” ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں