نئی دہلی: ویڈیو میں کم عمر بچی سے نازیبا جملے — یوٹیوبر شاداب جکاتی گرفتار

نئی دہلی (ایجنسیز)بھارتی یوٹیوبر شاداب جکاتی کو ایک ویڈیو میں کم عمر بچی اور خاتون کے ساتھ نازیبا جملے بولنے پر پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ویڈیو میں وہ مبینہ طور پر نابالغ لڑکی اور ایک خاتون سے گفتگو کے دوران قابلِ اعتراض الفاظ استعمال کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

یوٹیوبر کی گرفتاری بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما راہول ٹھاکر کی شکایت پر عمل میں آئی، جنہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ جکاتی نے اپنی نئی اپ لوڈ کردہ ویڈیو میں نامناسب گفتگو کی۔

گرفتاری کے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد عدالت نے شاداب جکاتی کو ضمانت پر رہا کر دیا۔ ان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ویڈیو میں موجود لڑکی اور خاتون دراصل جکاتی کی اپنی بیٹی اور بیوی ہیں، اور اس سے امن و امان کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا۔ عدالت نے یہ مؤقف تسلیم کرتے ہوئے ضمانت منظور کرلی۔

ضمانت کے بعد شاداب جکاتی نے کہا کہ ویڈیو میں صرف لڑکی کی تعریف کی تھی اگر کسی کو ویڈیو سے تکلیف پہنچی ہو تو وہ معذرت خواہ ہیں۔ ان کے مطابق ویڈیو پوسٹ کیے جانے کے فوراً بعد ڈیلیٹ کر دی گئی تھی۔

شاداب جکاتی کا تعلق میرٹھ کے علاقے انچولی سے ہے۔ سعودی عرب میں بطور ڈرائیور کام کے دوران انہوں نے ویڈیوز بنانا شروع کیں اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کی۔ ان کی معروف ویڈیو ’’10 والا بسکٹ کا پیکٹ کتنے کا ہے جی؟‘‘ کو لاکھوں ویوز ملے تھے اور متعدد معروف شخصیات نے اسے ری کریئٹ بھی کیا تھا۔