نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے منصب سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد جیل سے رہا ہونے والے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے، وہ جلد وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیکر کسی اور کو وزیراعلیٰ نامزد کریں گے اور دوبارہ الیکشن میں جائیں گے، اروند کیجریوال آئندہ 48 گھنٹوں میں باضابطہ طور پر عہدے سے مستعفی ہوسکتے ہیں۔
اروند کیجریوال کا کہنا ہے جب تک میں مقدمات سے بری نہیں ہوجاتا تب تک وزیراعلیٰ کے عہدے پر نہیں بیٹھوں گا، عدالت سے انصاف ملا، اب عوام کی عدالت سے انصاف کا منتظرہوں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے حکم کے بعد ہی وزارتِ اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھوں گا، اگر میں نے نئی دہلی میں کام کیا ہے تو عوام ووٹ دے کر فیصلہ سنائیں۔
واضح رہے کہ نئی دہلی میں انتخابات آئندہ سال فروری میں شیڈول ہیں، اروند کیجریوال کو بھارتی سپریم کورٹ کے حکم پر دو دن پہلے تہاڑ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اروند کجریوال کو 6 ماہ قبل شراب پالیسی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی ضمانت کی درخواست کئی بار مسترد کی گئی جس کے بعد 2 روز قبل بھارتی سپریم کورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔