اوسلو، ناروے(نامہ نگار)دنیا بھر کی طرح ناروے کے مختلف شہروں خصوصاً دارالحکومت اوسلو میں مقیم مسلمانوں نے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ عید الاضحیٰ منائی۔ اس موقع پر مختلف مساجد میں نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے، جن میں بڑی تعداد میں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔
اجتماعات کا اہتمام جماعتِ اہلِ سنت ناروے مسلم سینٹر فروست، اسلامک کلچر سینٹر، ورلڈ اسلامک مشن، مسلم سینٹر لورنسکوگ، اسلامک سینٹر اوسلو، ستونر بزم نقشبندی مسجد، اور امرودگرینڈا مسجد سمیت کئی مساجد میں کیا گیا۔
بڑھتی ہوئی حاضری کے باعث بعض مساجد میں نمازِ عید دو سے تین بار ادا کی گئی، جن میں مسلم سینٹر لورنسکوگ بھی شامل ہے جہاں مؤمنین نے دو بار عید کی نماز ادا کی۔
اس موقع پر مسلم سینٹر لورنسکوگ کے خطیب امام مفتی محمد طاہر عزیز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا”عید الاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے، جو امتِ مسلمہ کو ہر سال ایثار، اطاعت اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے قربانی کا درس دیتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ”یہ دن ہمیں صرف جانوروں کی قربانی کا پیغام نہیں دیتا بلکہ اپنے نفس، انا اور ذاتی خواہشات کی قربانی دے کر انسانیت کی خدمت کا راستہ دکھاتا ہے۔ قربانی کا اصل مقصد انسان کو بچانا اور انسانیت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔”
ناروے سمیت یورپ بھر میں مقیم مسلمانوں کو امام مفتی طاہر عزیز نے عید الاضحیٰ کی پرخلوص مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُمتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

